ڈیرہ غازی خان: پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) میں سیلاب سے 7 لاکھ سے زائد افراد براہ راست متاثر ہوئے۔
ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پنجاب کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔ ڈی جی خان اور راجن پور میں جہاں انسانی جانیں ضائع ہوئیں وہیں گھروں کے ساتھ ساتھ اسکولز، کالجز، بنیادی مراکز صحت اور دیگر انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہو گیا۔
پنجاب میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ڈی جی خان میں 7 لاکھ سے زائد افراد براہ راست متاثر ہوئے اور 342 دیہات اور بستیاں زیرآب آئیں جبکہ 58 ہزار کچے پکے گھر مکمل اور جزوی طور پر مہندم ہو گئے۔
ڈیرہ غازی خان میں سیلاب 64 افراد کی زندگیاں نگل گیا۔ 11 لاکھ ایکڑ رقبہ زیرآب آیا اور سوا 7 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل تباہ ہوگئیں۔ ڈی جی خان میں 2 ہزار 364 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہو گئیں اور 6 رابطہ پل بھی بہہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو دیوار سے لگانے والے عوام میں جانے کے قابل نہیں، شیخ رشید
سیلاب سے 656 سرکاری اسکولز، 4 کالجز، 47 بنیادی مراکز صحت جبکہ 7 وٹرنری اسپتالوں کی عمارتیں بھی مہندم ہوئیں۔
متاثرہ علاقوں سے پانی اترنے کے بعد لوگوں کی تباہ حال گھروں اور آبائی علاقوں میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور نقصانات کے سروے کا عمل بھی جاری ہے تاہم ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے لیے سرکاری سطح پر جلد عملی اقدامات نہ کیے گئے تو موسم سرما میں نیا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔