ن لیگ سیلاب جیسے قومی ایشو پر بھی سیاست سے باز نہیں آئی، وزیر اعلیٰ پنجاب

پرویز الہی کا شیخ رشید کی حمایت کا اعلان

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سیلاب جیسے قومی ایشو پر بھی سیاست سے باز نہیں آئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے اور ان کی بحالی کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کی مدد اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر آبیانیہ اور مالیہ معاف کر دیا ہے جبکہ پاک فوج کی ٹیمیں بھی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ متاثرین سیلاب کے امدادی کاموں پر کور کمانڈر ملتان کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور پولیس، انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کی خدمات بھی لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا ہے لیکن مسلم لیگ ن سیلاب جیسے قومی ایشو پر بھی سیاست سے باز نہیں آئی۔ انسانی زندگیوں پر سیاسی دکانداری چمکانا مسلم لیگ ن کا وطیرہ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں