وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کمبوڈیا میں جاری ARF کے وزارتی اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے اعلی نمائندہ جوزف بوریل سے ملاقات۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اعلیٰ نمائندے نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ تبادلوں اور باہمی فائدہ مند تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ نے دوطرفہ تجارت پر جی ایس پی پلس کے اثرات کو بھی سراہا اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے یورپی یونین کی حمایت کرتے ہوئے پولیٹیکل ڈائیلاگ کے ساتھ ساتھ پاک یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے جلد از جلد انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کی تحریکِ حقِ خود ارادیت کو دبانا مودی حکومت کے بس کی بات نہیں، بلاول بھٹو
دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور سیاسی منظر نامہ میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان میں انسانی اور معاشی بحران کو روکنے کے لیے مسلسل رابطے اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اعلیٰ نمائندے کو انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے افغانستان کی صورتحال پر قریبی رابطہ کاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔