دورہ سعودی عرب: وزیراعظم مدینہ منورہ پہنچ گئے


وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے۔

گورنر مدینہ نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو ، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب اور خواجہ آصف بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

بلاول تاریخ میں شہباز شریف کے وزیرخارجہ کے طور پر جانے جائیں گے، شاہ محمود قریشی

منصب وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دیں گے، اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

اس موقع پر دونوں دوست ممالک باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔

پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں