گورنر خیبر پختونخوا نے ایمرجنسی کے بعد صوبے کے عوام کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام صدارتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں،عوام کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگے فساد سے مکمل اجتناب کریں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں آج (اتوار کو) وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کی منظوری لی گئی، اجلاس کے شرکا کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال اور دہشت گردی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ جس کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں،عوام نے فیصلہ کر لیا،مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے،عوام اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
View this post on Instagram
گورنر خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں،یہاں کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باہمی تجربات اور مشترکہ کوششوں سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دینا چاہتے ہیں،عوام جمہوری اقدار کا فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے عوام امن پسند ہیں، دہشت گردی اور پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے،عوام کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگے فساد سے مکمل اجتناب کریں،امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔

