پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگ کے لوگوں نے حساب دینا ہے کہ وہ لندن کیوں چلے گئے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ گئے 4 ہفتے کے لیے تھے اور2 سال ہو گئے، نوازشریف کی صحت سے متعلق رپورٹ بھی نظر نہیں آتی، یہ باتیں ووٹرز نے دیکھنی ہیں ان پر اگر عدم اعتماد پاس ہوتی ہے تو یہ خوش قسمتی ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ عمران خان کے وزرا، مشیروں اور ترجمانوں نے اپنے کیس کو خراب کیا، عمران نے الیکشن مہم شروع کردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلزپارٹی کا مقصد عمران کو ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کا مین پلیٹ فارم اور پوائنٹ کرپشن ہوگا، عمران خان کی کوشش ہے کہ کرپشن کی بات ایسے کروں کہ لوگ مہنگائی کوبھول جائیں، اس سے لوگوں پر کچھ فرق پڑنا بھی شروع ہو گیا ہے۔
سب سے زیادہ جعلی خبریں مریم نواز کے پاس ہوتی ہیں، اعتزاز احسن
اعتزاز احسن نے کہا کہ جو وزیراعظم بنے گا اس پر مہنگائی ، بے روزگاری اور مشکلات کا پہاڑ ہو گا، جب اپوزیشن کی کابینہ بنی تو ان کو پتہ لگے گا کہ کس کو کہاں لگانے میں دشواری اور مشکلات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمپائر سیاسی گیم میں نیوٹرل نہیں ہوتے ، مولانا صاحب کے ایمپائر نیوٹرل کا مطلب یہ ہے کہ ایمپائر ہمارے ساتھ ہوگیا۔