’گھبرایا نہیں‘، وزیراعظم کی چودھری برادران سے ملاقات، شہباز کا تذکرہ اور قہقہے


وزیراعظم عمران خان نے چوہدری برادران سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے جدا نہیں ہوں، چھوٹی موٹی چیزیں چلتی رہتی ہیں، میں اور میرے ساتھی بالکل نہیں گھبرا رہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزرا کے ساتھ چودھری برادران سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت سے پوچھا کہ چوہدری شجاعت صاحب آپ کی صحت میں دن بدن بہتری آ رہی ہے، آپ منجھے ہوئے اور زیرک سیاست دان ہیں ، کئی لوگ صحت پوچھنے کے بہانے آپ کے پاس آ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بات پر چوہدری شجاعت نے عمران خان سے مکالمہ کیا کہ کون سےلوگ آرہے ہیں؟ آپ کن کی بات کررہےہیں؟ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ آپ سمجھ رہے ہیں میں کن کی بات کر رہا ہوں۔

پیٹ پھاڑنے والے آج گلے مل رہے ہیں، انہیں صرف میرا ڈر ہے، عمران خان

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں شہبازشریف کی بات کررہا ہوں جن کو آپ کی یاد 14 سال بعد آئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بات پر چوہدری برادران اور وفاقی وزرا نے قہقہہ لگایا جب کہ پرویز الٰہی نے کہا کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

(ق) لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے تحریک عدم اعتماد پر چوہدری برادران سے کوئی بات نہیں کی جب کہ اس بات کا ذکر چوہدری برادران نے بھی نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں