ملک بھر میں 26 لاکھ طلبا کو اسکالر شپس دیں گے، فرخ حبیب


فیصل آباد: وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 26 لاکھ طلبا کو اسکالر شپس دیں گے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ پیسے کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔

انہوں  نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسکالر شپ پورٹل کا افتتاح کر دیا ہے اور اب ملک بھر میں 26 لاکھ طلبا کو اسکالرشپس دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مقصود چپڑاسی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جانا چاہیے، فیصل جاوید

فرخ حبیب نے کہا کہ اسکالر شپس میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی جبکہ 2 لاکھ اسکالر شپس اعلیٰ تعلیم کے لیے دی جائیں گی۔ 45 ہزار سے کم تنخواہ والوں کی اسکالر شپ کا خرچ حکومت اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکنیکل یونیورسٹیز بھی بنا رہی ہے اور نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم بھی دیں گے۔ ٹیکنیکل تعلیم کے حوالے سے ہم ایک لاکھ اسکالر شپس دے رہے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں مزید اصلاحات لا رہے ہیں۔ کانووکیشن میں طلبا کو محنت کا ثمر ملتا ہے اور اس کے بعد طلبا کی عملی زندگی کا آغاز ہوتا ہے، طلبا کو نوکری لینے کی بجائے دینے والا بننا چاہیے۔


متعلقہ خبریں