نئی دہلی: بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران درجنوں باراتی کنویں میں گر گئے، حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں کوشی نگر میں باراتیوں کے کنویں میں گرنے کا حادثہ پیش آیا۔ ہلاک ہونے والوں میں 7 خواتین اور 6 بچیاں شامل ہیں۔
ریسکیو کے مطابق کوشی نگر میں بارات دلہن کے گھر پہنچی تو باراتی زیادہ ہونے کے باعث دلہن والوں نے درجنوں باراتیوں کو ایک کنویں کے اوپر رکھے حفاظتی سلیب پر بٹھا دیا جو کمزور تھا۔ کنویں پر رکھا سلیب درجنوں باراتیوں کا بوجھ برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایس راج لنگام کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی کاروائیاں شروع کر دی گئی تھیں اور زخمیوں سمیت لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے دو شدید زخمیوں نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا جبکہ 11 افراد موقع پر زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مودی نے بھارتی عوام کو پھر بےوقوف بنا دیا
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کو فی کس 4 لاکھ کی امداد دینے کا اعلان کیا جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
سینئیر پولیس آفیسر اکھیل کمار نے میڈیا کو بتایا کہ واقع گزشتہ رات پیش آیا جب شادی کی تقریبات جاری تھیں۔