عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے بعد گوشت کو محفوظ رکھنا ہر گھر کی اہم ضرورت بن جاتا ہے۔ خصوصاً شدید گرمی، ہیٹ ویو اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران گوشت خراب ہونے کے خطرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین غذائیت اور فوڈ سیفٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے قربانی کے گوشت کو طویل عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گوشت محفوظ کرنے سے پہلے فریج اور فریزر کی مکمل صفائی انتہائی ضروری ہے۔ اگر فریزر میں برف زیادہ جمی ہو یا ہوا کی روانی متاثر ہو تو کولنگ کا عمل کمزور پڑ سکتا ہے۔ جس سے گوشت خراب ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی لیے قربانی سے قبل فریزر کو اچھی طرح صاف، خشک اور مناسب ٹھنڈک پر تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فوڈ سیفٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ قربانی کے فوراً بعد گوشت کو زیادہ دیر تک کھلی فضا یا کمرے کے درجہ حرارت پر نہ چھوڑا جائے۔ گرم موسم میں بیکٹیریا اور جراثیم تیزی سے افزائش پاتے ہیں، اس لیے گوشت کو دو گھنٹے سے زیادہ باہر رکھنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گوشت کو محفوظ کرنے سے پہلے اس سے اضافی چکنائی، خون آلود حصے اور غیر ضروری ریشے الگ کر دیئے جائیں، پھر اسے استعمال کے مطابق مختلف حصوں میں تقسیم کیا جائے۔
گوشت کو فریزر میں رکھنے سے پہلے تقریباً 5 سے 6 گھنٹے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھنا بہتر ہوتا ہے تاکہ اس کا درجہ حرارت بتدریج کم ہو سکے اور گوشت کی تازگی برقرار رہے۔
پیکنگ کے حوالے سے ماہرین نے صاف ستھری، مضبوط اور ایئر ٹائٹ تھیلیوں یا فوڈ گریڈ پلاسٹک بیگز استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیکٹ بند کرنے سے پہلے اضافی ہوا نکال دینا ضروری ہے تاکہ گوشت فریزر برن سے محفوظ رہ سکے، جبکہ ہر پیکٹ پر تاریخ درج کرنے سے استعمال میں آسانی رہتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر بجلی کی بندش یا فریزر کی خرابی کے باعث گوشت محفوظ رکھنا مشکل ہو جائے تو گوشت کو اچھی طرح ابال کر یا نمک لگا کر خشک کرنے جیسے روایتی طریقے اپنائے جا سکتے ہیں، جو ہنگامی حالات میں گوشت کو خراب ہونے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ کے دوران فریزر کو بار بار کھولنے سے گریز کیا جائے تاکہ اندرونی ٹھنڈک زیادہ دیر تک برقرار رہ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے کا ہیٹ ویو الرٹ، 31 مئی تک ملک بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ خراب یا بدبو دار گوشت ہرگز استعمال نہ کیا جائے کیونکہ یہ فوڈ پوائزننگ، معدے کے انفیکشن اور دیگر سنگین بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق قربانی کے گوشت کی درست صفائی، محفوظ پیکنگ اور مناسب ذخیرہ نہ صرف ضیاع سے بچاتا ہے بلکہ خاندان کی صحت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
