پی ایس ایل : نامناسب رویے پر سہیل تنویر اور بین کٹنگ کو جرمانہ


پی ایس ایل انتظامیہ  نے میچ کے دوران نامناسب رویے پر کرکٹر سہیل تنویر اور بین کٹنگ پر جرمانہ عائد کردیا۔

میچ کے دوران  مس کنڈکٹ پر دونوں کرکٹرز پر میچ  فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا  گیا ہے ۔ پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑی پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے اپنے رویے پر معذرت بھی کرلی۔ پشاور زلمی کے کھلاڑی بین کٹنگ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے سہیل تنویر میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نامناسب ردعمل : عماد وسیم پر جرمانہ عائد

گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے  میچ میں پشاور زلمی کی اننگز کے 19ویں اوور میں بین کٹنگ نے سہیل تنویر کو 3 گیندوں پر تین چھکے رسید کرکے نامناسب اشارے کیے۔

اسی اوور میں کٹنگ نے تنویر کو چوتھا چھکا بھی رسید کیا۔ جس پر سہیل تنویرغصے میں آگئے اور دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ امپائر نے بیچ میں آکر معاملے کو رفع دفع کروایا۔

اگلے ہی  اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر بین کٹنگ کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کا کیچ سہیل تنویر نے لیا اور پھر جواب میں انہوں نے بھی بین کٹنگ کی جانب نامناسب اشارے کیے۔


متعلقہ خبریں