ایکواڈور: جنوبی امریکہ میں دوست اپنے مقتول دوست کی لاش کو اٹھا کر موٹرسائیکل پر گھمانے نکل گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایکواڈور کے منابی صوبے میں 21 سالہ نوجوان ایرک سیڈینو کو ایک جنازے میں جاتے ہوئے 2 ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
ایرک سیڈینو کی آخری رسومات ادا کی جانے لگیں تو ان کے دوستوں نے لاش کو زبردستی تابوت سے نکالا اور موٹرسائیکل پر گھمانے نکل گئے۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول نوجوان کے دوستوں نے لاش کو زبردستی تابوت سے نکالا اور ان کا ایک دوست تابوت کے قریب ہی موٹرسائیکل لے آیا جس پر وہ لاش رکھ کر گھومنے نکل پڑے۔ موٹرسائیکل چلانے والے شخص کے پیچھے لاش کو بٹھا کر دوسرا دوست پیچھے سے پکڑ کر بیٹھ گیا۔
نوجوانوں کی اس حرکت پر وہاں موجود افراد نے اپنے اپنے موبائل نکال لیے اور اس عجیب و غریب حرکت کی ویڈیو بنانے لگے۔ رپورٹ کے مطابق مقتول نوجوان کے دوستوں نے تابوت پر نشہ آور مشروبات بھی ڈالے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فورسز نے غلطی سے اپنے ہی شہریوں پر گولیاں برسا دیں
نوجوانوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایرک سیڈینو کی لاش کو موٹرسائیکل پر گھمانے سے قبل اس کے والدین سے اجازت لی تھی۔