ایم آئی ٹی کا کامیاب آپریشن: اسرائیلی موساد کا منصوبہ ناکام، 15 جاسوس گرفتار

ایم آئی ٹی کا کامیاب آپریشن: اسرائیلی موساد کا منصوبہ ناکام، 15 جاسوس گرفتار

انقرہ: ترکی نے اپنی سرزمین پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا کر اس کے 15 جاسوس بھی گرفتار کر لیے ہیں۔ یہ کامیاب آپریشن ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن ( ایم آئی ٹی) نے کیا ہے جس کے ذریعے تقریباً 200 منظم نیٹ ورکس بے نقاب کیے گئے ہیں۔

اسرائیل میں ایرانی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے 1.5 ارب ڈالرز مختص

ہم نیوز نے ترکی کے مؤقر اخبار صباح کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس 7 اکتوبر کو کیے جانے والے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیے گئے ہیں۔ آپریشن ترکی کے چار مختلف صوبوں میں بیک وقت کیا گیا تھا۔

ترکی کی انٹیلی جنس آرگنائزیشن نے اس آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایک سال کا صبر آزما وقت گزارا۔

ترکی کی ایم آئی ٹی نے اس عرصے کے دوران اسرائیلی جاسوسوں کی انتہائی خفیہ طور پر نگرانی کی، ان کے متعلق تفصیلی معلومات جمع کیں اور پھر تمام ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی۔

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے گرفتار جاسوسوں پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ ایجنسی موساد کو ترک شہریوں اوران غیر ملکیوں کی بابت تفصیلی معلومات فراہم کیں جو ملک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

امریکہ اور اسرائیل میں خفیہ مذاکرات: ایران کے متعلق پلان بی پر غور

اس ضمن میں ابتدائی طور پر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ موساد کے جاسوسوں کا زیادہ تر ہدف ان ممالک کے طلبا ہوتے تھے جو اسرائیل مخالف سمجھے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ موساد کے فیلڈ آفیسرز سے بیرون ملک ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جاتا تھا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق موساد کے لیے کام کرنے والے افراد کا اصل ہدف ایسے طلبا تھے جو آئندہ مستقبل میں دفاعی صنعت کے شعبوں میں کام کرنے کے خواہش مند تھے۔

روزنامہ صباح کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے جاسوسوں کی ایک سال کے دوران بھرپور نگرانی کی گئی اور دیگر تمام ضروری طریقہ کار کے تحت مکمل معلومات حاصل کی گئیں۔

ایرانی جنرل کو اسرائیل نے اغوا کیا، تفتیش کے بعد رہا کردیا: میڈیا رپورٹ

یاد رہے کہ ترکی کا شمار ان مسلم ممالک میں ہوتا ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں۔


متعلقہ خبریں