اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کو ساؤتھ پنجاب ایکشن کمیٹی کا نام دیا گیا ہے، میر بلخ شیرمزاری اس کے کنوینر ہوں گے جبکہ ارکان میں شاہ محمود قریشی، جہانگیرخان ترین، اسحاق خان خاکوانی، خسرو بختیار اور طاہر بشیر چیمہ کو شامل کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نئے صوبے کے قیام کے لئے ضروری اقدامات کا جائزہ لے کر 100 دن میں قابل عمل منصوبہ پیش کرے گی۔
جنوبی پنجاب صوبہ محاذ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہوگیا تھا، محاذ کے صدر خسرو بختیار نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انضمام کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب کے صوبے کا قیام اپنے منشور میں شامل کیا۔
اس سے پہلے 9 اپریل کو جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے 8 ارکان نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کو چھوڑنے اور اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کیا تھا، ان میں 5 قومی اسمبلی کے ارکان تھے جبکہ 3 کا تعلق پنجاب اسمبلی سے تھا۔