بابر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آنے پر بہت خوش تھے، کیوی کپتان


پاکستان کے دورے پر آنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا ہے کہ بابراعظم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آنے پر بہت خوش تھے۔

ایک انٹرویو میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ایک روز پہلے جب میں بابراعظم کے ساتھ جا رہا تھا تو وہ کس قدر خوش تھے کہ انٹرنیشنل کرکٹ ہورہی ہے اور ہم وہاں موجود ہیں، بابراعظم بہت پرجوش تھے، یہ تاریخی لمحہ تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم 18 برسوں بعد وہاں آئی۔ میں بھی ٹیم کا حصہ بننے پر خوش تھا لیکن سب کچھ بدل گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والوں کے لیے یہ قابل فخر لمحات تھے کہ ان کے ملک میں کرکٹ واپس آئی، دورہ ختم ہونے کے بعد پاکستانی حکام نے بہت خیال رکھا۔

دورہ پاکستان ملتوی کرنے پر سابق انگلش کپتان اپنے کرکٹ بورڈ پر برس پڑے

جیو کے مطابق انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد بھی پاکستانی حکام ہمارے لیے بہت اچھے سے پیش آئے، ہمیں آرام سے رکھا گیا، ہم پاکستانی اتھارٹیز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ٹام کا کہنا تھا کہ میں اور ٹیم میں موجود تمام کھلاڑی ٹھیک ہیں، دورہ ختم کرنے کے اعلان کے بعد 24 گھنٹوں میں ہم پاکستان سے نکلے، ہم سب نے وقت اکٹھے گزارا جو ہمارے لیے اچھا رہا لیکن یہ 24 گھنٹے تھکا دینے والے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میچ والے دن سب حیران تھے کہ کیا ہو رہا ہے اور پھر ہمیں بتایا گیا کہ ہم گھر واپس جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں