اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار 14 روزہ غیرملکی دورے پر روانہ ہوگئے۔ چیف جسٹس بیرون ملک قیام کے دوران روس اور چین میں ہونے والی مختلف بین الاقوامی کانفرنسز میں شرکت کریں گے۔
پروگرام کے تحت چیف جسٹس ثاقب نثار دورے کے پہلے مرحلے میں عالمی چیف جسٹس کانفرنس میں شرکت کریں گے جو روس میں منعقد ہورہی ہے۔ روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ چین میں منعقد ہونے والی عالمی جوڈیشل کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی عدم موجودگی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس گلزار احمد آج صبح گیارہ بجے سپریم کورٹ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔