فائزر ویکسین بچوں کیلئے انتہائی مؤثر قرار

موڈرنا ویکسین فائزر اور جانسن اینڈ جانسن سے زیادہ مؤثر

فائزر نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین کو بچوں کے لیے محفوظ اور بیماری سے بچانے کے لیے مؤثر قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فائرز کے چیئرمین اور سی ای او البرٹ بورلا نے اپنے جاری کردی ایک بیان میں کہا کہ فائزر کی تیار کردہ کورونا ویکسین 5 سے 11 سال کے بچوں کے لیے انتہائی محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں میں کورونا سے اموات کی شرح انتہائی کم ہے تاہم ہم بچوں کو ویکسین سے تحفظ فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کے لیے ریگولیٹری منظوری کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص اس وقت جب کورونا کی قسم ڈیلٹا بچوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور ان کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ جولائی سے امریکہ میں بچوں میں کورونا کیسز کی شرح میں 240 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے ویکسینیشن کی ضرورت سامنے آئی۔

فائزر کی جانب سے 5 سے 11 سال کے 2 ہزار 268 بچوں کو ٹرائل کا حصہ بنایا گیا تھا۔ ان بچوں کو فائزر ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرائی گئیں مگر ان کی مقدار 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے مقابلے میں کم رکھی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کی جلد تیسری خوراک لینا ہوگی: عالمی میگزین کا انتباہ

کمپنی نے بتایا کہ ٹرائل میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں میں ویکسین محفوظ اور قابل برداشت ثابت ہوئی جبکہ اس سے وائرس ناکارہ بنانے والا ٹھوس اینٹی باڈی ردعمل بھی بنا۔

فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے یہ ڈیٹا اب یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)، یورپین میڈیسین ایجنسی اور دیگر ریگولیٹرز سے شیئر کیا جائے گا اور امریکہ میں ایمرجنسی استعمال کی منظوری کی درخواست بھی جمع کرائی جائے گی۔

ایف ڈی اے نے فائزر ویکسین کو پہلے ہی 16 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے مکمل منظوری دی ہوئی ہے جبکہ 12 سے 15 سال کے لیے ایمرجنسی منظوری حاصل کی گئی ہے۔

فائزر کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ٹرائل کے نتائج 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کی منظوری کے لیے ٹھوس بنیاد ہے اور ہم جلد ہی ریگولیٹرز سے منظوری کے لیے رجوع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: موڈرنا ویکسین فائزر اور جانسن اینڈ جانسن سے زیادہ مؤثر

انہوں نے کہا کہ فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے 2 سے 5 سال کی عمر اور 6 ماہ سے 2 سال کی عمر کے بچوں پر بھی ویکسین کے ٹرائلز ہو رہے ہیں جن کے نتائج رواں سال ہی کسی وقت سامنے آسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ فائزر کو امریکہ میں 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین کی تیسری خوراک کے استعمال کی منظوری دی گئی ہے اور یہ بوسٹر ڈوز ان افراد کے لیے ہوگا جن کا مدافعتی نظام کمزور ہوگا۔


متعلقہ خبریں