کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا


 ملک بھر کےکنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف60 سیٹیں لے کر پہلے نمبر پر ہے۔

مسلم لیگ نون کا59 نشستوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔ کنٹونمنٹ  بلدیاتی الیکشن میں آزاد امیدواروں کا پچپن نشستوں  کے ساتھ تیسرا نمبر ہے جبکہ پیپلز پارٹی صرف17 سیٹیں جیت سکی ہے۔

ایم کیو ایم 10 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی  نے7 نشستیں حاصل کیں، بے اے پی  اور  اے این پی کے حصے میں  دو ، دو نشستیں آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ن لیگ نے کلین سویپ کر دیا

کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں پنجاب میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا۔ سندھ میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پہلے نمبر پر رہیں۔ خیبرپختون خوا میں تحریک انصاف نے کامیابی اپنے نام کی۔ بلوچستان میں آزاد امیدوار سب سے آگے رہے۔

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں پنجاب کی ایک سو تیرہ نشستوں میں سے مسلم لیگ نے اکیاون سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ آزاد امیدوار بتیس نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ پنجاب بھر میں اٹھائیس نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف تیسرے نمبر پر رہی۔ جماعتیں اسلامی پنجاب میں دو نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی۔

سندھ کی ترپن نشستوں پر پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی چودہ چودہ نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہیں۔ ایم کیو ایم نے دس نشستوں پر کامیابی کے بعد دوسری پوزیشن سنبھالی۔ جماعت اسلامی 5 نشستیں حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہی۔ آزاد امیدواروں نے سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ سندھ میں ن لیگ صرف تین نشستیں جیت سکی۔

خیبرپختون خوا کی کنٹونمنٹ بورڈز کی سینتیس نشستوں میں تحریک انصاف سولہ سیٹوں پر کامیابی کے بعد پہلے نمبر پر رہی۔ خیبرپختون خوا میں گیارہ آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے۔ ن لیگ نے پانچ نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔ پیپلزپارٹی نے تین اور اے این پی نے دو نشستوں پر میدان مارا۔

بلوچستان کے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا کوئی امیدوار کامیاب نہ ہوسکا۔۔ تمام نو سیٹوں میں سے پانچ نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی نے دو دو نشستیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن نے ثابت کیاکہ پی ٹی آئی ملک کی واحدعوامی پارٹی ہے

انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنوں میں اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

42 کنٹونمنٹ بورڈز میں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 180، مسلم لیگ ن کے 143 اور پیپلز پارٹی کے 112 امیدواروں نے حصہ لیا۔


متعلقہ خبریں