لاہور: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سروسز اسپتال میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کی عیادت کی۔
وزیراعظم اتوار کی شام سروسز اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دُعا بھی کی۔
وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم کو سخت سیکیورٹی میں اسپتال کے وی آئی پی گیٹ سے آئی سی یو تک لے جایا گیا تھا۔
وزیرداخلہ احسن اقبال پر آٹھ مئی کو اس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جب وہ نارروال کے علاقے کنجروڑ میں مسیحی برادری کی کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔
قاتلانہ حملے میں احسن اقبال کو ایک گولی لگی جو کہنی سے مس ہو کر پیٹ میں گھس گئی تھی۔ قاتلانہ حملے کے فوری بعد احسن اقبال کو لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کرکے اُن کا آپریشن کیا گیا۔
وزیرداخلہ پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ نارروال کے شاہ غریب تھانے میں درج کیا گیا جس میں اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی تھیں، حملہ آور عابد حسین کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا گیا جبکہ بعد ازاں اس کے سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔
احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی تفتیش ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کر رہی ہے جس میں حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔