پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا، طالبان کا دعویٰ


کابل: ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔

افغان میڈیا کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پنجشیر میں جھڑپوں کے دوران کئی باغی جنگجو ہلاک اور کئی فرار ہو گئے ہیں جس کے بعد پنجشیر کے عوام باغی کمانڈروں کی شر سے آزاد ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ پنجشیر پر کنٹرول کے بعد افغانستان جنگ سے پاک ہو گیا ہے اور افغان عوام اب امن کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجشیر: احمد مسعود کی جنگ روکنے کے لیے مشروط پیشکش

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجشیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجشیر میں امن کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہیں۔ افغانستان میں امن کے لیے ہم نے کوششیں کیں۔ جرگوں اور مذاکرات سے کامیابی نہ ہوئی تو پنجشیر میں طاقت کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کئی جگہوں سے اسلحہ لے کر پنجشیر میں رکھا گیا تھا تاہم اب ہم پنجشیر میں فتح کے بعد امن کے لیے عام معافی کااعلان کرتے ہیں جبکہ افغانستان میں بھی عام معافی کے بعد کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم نئی حکومت کی طرف جائیں گے اور ہمارا مقصد پرامن افغانستان ہو گا۔ ہماری خواہش تھی پنجشیر میں لڑائی اور جنگ سے گریز کریں لیکن ہمیں مزاحمت کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ پنجشیر کےساتھ بلا امیتاز سلوک ہو گا اور لوگ قطعا تشویش میں متبلا نہ ہوں۔ جنگ کے دوران بھی ہماری کوشش تھی کہ افغانوں کو نقصان نہ پہنچے۔

گزشتہ روز پنجشیر میں قومی مزاحمتی فورس کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان سے جنگ روکنے کی مشروط پیشکش کی تھی۔


متعلقہ خبریں