گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’مجھے کیوں نکالا‘ کے نام سے نیا گانا بنانے جا رہے ہیں۔
تحریک انصاف حکومت کی تین سالہ کارکردگی پیش کرنے کے حوالے سے خصوصی تقریب کے دوران عمران اسماعیل نے گلوکار شاہ زمان کے ساتھ اپنا مقبول گانا ’تبدیلی آئے رے‘ گایا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس گانے کو چار سال مکمل ہو چکے ہیں اور یہ ایک سپر ہٹ گانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب میں شاہ زمان کے ساتھ مل کر نئے گانے پر کام کر رہا ہوں جس کا نام ہے مجھے کیوں نکالا۔ میں یہ گانا نواز شریف کے نام کروں گا۔
عمران اسماعیل نے اس موقع پر نئے گانے کی کچھ لائنیں اور دھن گن گنا کر بھی سنائیں جسے سن کر تقریب میں موجود لوگ ہنس پڑے۔