کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ ہم نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب نہیں کیا وہ سیاسی آدمی ہیں اور سیاسی لوگوں کی بریکنگ نیوز چلتی رہتی ہیں۔
انہوں نے یہ ریمارکس سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران دیے۔
سپریم کورٹ کے سربراہ نے دوران سماعت استفسار کیا کہ ایئر بلیو کا چیف ایگزیکیٹو کون ہے؟ انہوں نے پوچھا کہ کمپنی کے پاس کتنے پائلٹس ہیں؟
ایئر بلیو کے ایم ڈی جنید خان نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ہمارے پاس 101 پائلٹس اور 251 افراد کاعملہ ہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر پر کمپنی کو50 ہزار روپے بطور جرمانہ فاطمید فاونڈیشن میں جمع کرانے کا حکم دیا۔
انہوں نے ریمارکس میں واضح کیا کہ اگر کوئی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہوا تو ایم ڈی جنید خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔
ایئربلیو کے ایم ڈی جنید خان نے دوران سماعت کہا کہ وزیراعظم کو طلب کرنے سے متعلق بریکنگ نیوز چل رہی تھیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے اس پر ریمارکس دیے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سیاسی آدمی ہیں، سیاسی لوگوں کی بریکنگ چلتی رہتی ہے، ہم نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب نہیں کیا۔
شاہین ائیرلائن پر جرمانہ:-
شاہین ایئر لائن کے چیف ایگزیکیٹو احسان صہبائی پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق کیس میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس ثاقب نثارنے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی؟
چیف ایگزیکیٹو احسان صہبائی نے عدالت کو بتایا کہ تصدیق کا عمل ابھی جاری ہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم پر عملدرآمد میں تاخیر پہ اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسارکیا کہ آپ کا تعلق کہاں سے ہے؟
شاہین ائیر لائن کے چیف ایگزیکیٹو نے بتایا کہ ان کا تعلق کینیڈا سے ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیے کہ آپ دہری شہریت رکھتے ہیں اور ہمارے فیصلے پر عمل بھی نہیں کرتے۔
عدالت عظمیٰ کے سربراہ نےاحسان صہبائی کو ایک لاکھ روپے جرمانہ فاطمید فاؤنڈیشن میں جمع کرانے کاحکم دیا۔