سینٹر فارڈیزیز کنٹرول پاکستان کا افتتاح


پاکستان کے قومی صحت عامہ کے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے این آئی ایچ اسلام آباد میں سینٹر فارڈیزیز کنٹرول(سی ڈی سی ) پاکستان کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

اس سنٹر کو قائم کرنے کا مقصد ملک میں متعدی و غیر متعدی امراض کے تشخیصی نظام میں صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ اور نیشنل ہیلتھ لیبارٹری، بیماریوں کی تشخیص ، نگرانی ، تیاری ، اور رسپانس کے نظام کو تقویت دینا ہے۔

سی ڈی سی کے قیام سے صحت عامہ سے متعلقہ مسائل کو بہتر طریقے سے حل کرنےمیں مدد ملے گی۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اسلام آباد نے قومی صحت عامہ کے شعبے میں ملک کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے سی ڈی سی پاکستان (Centre for Diseases Control (CDC)) کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پروفیسر نوشیروان خان برکی، چیئرمین ہیلتھ ٹاسک فورس پاکستان اور پروفیسر ذوالفقار اے بھٹہ ،بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اور دیگرممبران کے ساتھ مل کر قومی ادارہ صحت میں نئے قائم کردہ مرکز کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے قومی ادارہ صحت میں صحت عامہ کے حوالے سے ہونے والی ترقی ، صحت عامہ کے تحفظ میں کی جانے والی کاوشوں اور پاکستان میں اس کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی سی پاکستان، ملک میں متعدی و موذی بیماریوں کو روکنے ، ان کابروقت پتہ لگانے اور ان کے بہتر کنٹرول میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے پاکستان میں صحت کے شعبہ میں جدت اور بہتری آئے گی۔

قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل پروفیسر عامر اکرام نے کہا کہ قومی ادارہ صحت ،پاکستان میں عوامی صحت کا اہم ادارہ ہونے کی حیثیت سے بیماریوں کے کنٹرول کے لئے بہترین حکمتِ عملی اور اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں