سابق صدر پاکستان ممنون حسین کو سپرد خاک کردیا گیا

سابق صدر پاکستان ممنون حسین کو سپرد خاک کردیا گیا

کراچی: سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کردی گئی۔ اس سے قبل مرحوم صدر کی نماز جنازہ ڈیفنس کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی۔ 

سابق صدر پاکستان ممنون حسین کا انتقال ہو گیا

ہم نیوز کے مطابق سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی نماز جنازہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی سمیت دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ن لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق صدر ممنون حسین علالت کے باعث گزشتہ روز کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ممنون حسین کا شمار مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنماوں میں ہوتا تھا۔ مرحوم 1999 میں سندھ کے گورنر رہے جب کہ 2013 سے 2018 تک صدر مملکت رہے۔

بدعنوانی کرنے والا اللہ کی پکڑ میں ضرور آتا ہے، صدرممنون

ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو ہندوستان کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا خاندان 1947 میں ہجرت کر کے پاکستان آیا تھا جہاں ممنون حسین نے جامعہ کراچی سے گریجویشن اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ماسٹرز کیا۔

مرحوم صدر پاکستان نے 1960 کی دہائی میں شہر قائد میں کاروبار کا آغاز کیا اور بعد میں سیاست کی پرخار وادی میں قدم رکھا۔

پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی ہے، صدر ممنون

ممنون حسین کی عمر 81 برس تھی۔ مرحوم صدر پاکستان نے سوگواران میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔


متعلقہ خبریں