پٹاخے پھوڑنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو گا

پٹاخے پھوڑنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت میں پٹاخے پھوڑنے پر ایک لاکھ روپے تک جرمانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں صوتی آلودگی کو پھیلانے پر جرمانے کا اعلان کیا گیا ہے اور نئے احکامات کے بعد نئی دہلی کے رہائشی یا صنعتی علاقوں میں پٹاخے چلانے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ محمکوں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

دہلی پلوشن کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) شہر میں شور کی بڑھتی آلودگی کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہی ہے، اسی ضمن میں صوتی آلودگی پھیلانے والوں پر عائد ہونے والے جرمانے میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

شہری انتظامیہ کی جانب سے جرمانے بتدریج بڑھانے کا ایک طریقہ کار بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ اگر کسی ریلی، شادی یا مذہبی تقریب میں پٹاخے سے متعلق اصول کی خلاف ورزی کی جاتی ہے، تو منتظمین کو رہائشی اور صنعتی علاقوں میں 10 ہزار روپے اور سائلنٹ زون میں خلاف ورزی کرنے پر 20 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: 50 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط

اگر کسی کی جانب سے دوسری مرتبہ اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی تو جرمانے کی رقم بڑھا کر 40 ہزار روپے کر دی جائے گی، اور اگر 2 مرتبہ سے زیادہ اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی تو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ وصول کیا جائے گا اور اس جگہ کو بھی سیل کر دیا جائے گا۔

شہری انتظامیہ کے مطابق جنریٹر جیسے آلات کے ذریعے بھی صوتی آلودگی پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایسی صورت میں آلات ضبط کر لیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں