تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جیت: سیریز پاکستان کے نام


ہرارے: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی۔

ہرارے کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیا گیا 166 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور 18 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

جب کہ حارث روف نے دو اور محمد حسنین نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

حسن علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ گیا گیا جب کہ محمدرضوان کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس سے پہلے  قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے  بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور شرجیل خان نے کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 35 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

شرجیل خان 18 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ اس موقع پر رضوان کا ساتھ دینے کے لیے کپتان بابراعظم کریز پر آئے۔ دونوں نے 125 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

بابراعظم 52 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ رضوان نے 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔


متعلقہ خبریں