قومی ہیرو ایم ایم عالم کی آج آٹھویں برسی


1965 کی جنگ میں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے پانچ لڑاکا جہازوں کو زمین بوس کرنے والے محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) کی آج آٹھویں برسی منائی جا رہی ہے۔

بھارتی فضائیہ کے طیاروں پر عقاب کی مانند جھپٹنے اور تباہ کرنے والے ایم ایم عالم کے کارنامے زبان زدعام ہیں۔

1965 کی جنگ میں بھارت کے خودساختہ سورماؤں سے ایم ایم عالم کا ٹاکرا مقبوضہ کشمیر کے چھمب جوڑیاں اور آدم پور جالندھر میں ہوا۔

ان ہوائی معرکوں میں کچھ واقعات جنگی تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے پانچ لڑاکا جہازوں کو زمین بوس کردینے والے ایم ایم عالم کا کارنامہ آج بھی سننے والوں کو ورطہ حیرت میں  مبتلا کر دیتا ہے۔

اپنے پسندیدہ جنگی ہوائی جہاز ایف ایٹی سکس کے ذریعے انہونی کو ہونی کر دینے والےایم ایم عالم کو غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں کی وجہ سے فالکن، لٹل ڈریگن جیسے القابات سے بھی نوازا گیا۔

ایم ایم عالم نے پینسٹھ کی جنگ میں  مختلف محاذوں پر کل گیارہ بھارتی طیاروں کو تباہ کر کے ریکارڈ قائم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایئر مارشل ظہیر احمد بابر پاک فضائیہ کے نئے سربراہ مقرر

ایم ایم عالم کو شاندار کارکردگی دکھانے پروطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرات سے نوازا گیا۔

پینسٹھ کے جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کے زیر استعمال  جنگی جہاز ایف 86  کو لاہور کے مال روڈ پر بطور یادگار نصب کیا گیا ہے۔

6 جولائی 1935 کو برصغیر کے شہر کلکتہ میں پیدا ہونے والے ایم ایم عالم نے 1952 میں پاکستان ائیر فورس میں کمیشن حاصل کیا۔

ایم ایم عالم 1982 میں ایئر کموڈور کے عہدے پر ریٹائرڈ ہوئے اور 18 مارچ 2013 کو 78 برس کی عمر میں دنیا کو خیرباد کہہ گئے۔


متعلقہ خبریں