فضل الرحمان کا رویہ فاشسٹ ہے،شبلی فراز


اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا رویہ فاشسٹ ہے، پارٹی رہنماؤں نے مولانا کو راہِ راست پر آنے کا کہا ِانہوں نے اعتراض کرنے والوں کو پارٹی سے ہی نکال دیا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر ‘گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی صدارت ایسا شخص کر رہا ہے جس کی اپنے گھر میں عزت نہیں ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے خلاف کرپشن کیسز کے بارے میں جواب دینے کی بجائے دھکمیوں پر اتر آئے ہیں ‘ حق اور سچ کی آواز بلند کرنے والوں کو پارٹی سے نکالنا کون سی جمہوریت ہے، مولانا فضل الرحمان اپنی پارٹی میں غیر ضروری ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قائد کی جماعت کے اندر بغاوت ہوچکی ہے۔ پی ڈی ایم کسی قسم کی دھاندلی کے ثبوت پیش نہیں کرسکی۔ اپوزیش کو عوام نے مسترد کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف شفاف الیکشن کے ذریعے حکومت میں آئی ‘ فافن سمیت عالمی اداروں نے بھی اس کی تصدیق کی تھی۔

الیکشن اور حکومت کے خاتمے پر تمام جماعتیں متفق ہیں، فضل الرحمان

شبلی فراز نے کہا کہ  یہ اپوزیشن الیکشن کمیشن گئی اور نہ ہی عدالت عظمی یا کسی ادارے سے استدعا کی اور نہ ہی معاملہ پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹی میں اٹھایا ‘ درحقیقت اپوزیشن کے پاس ثبوت ہی نہیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی پر 2018کے الیکشن میں عوام نے ان کو ووٹ نہیں دیا ‘ دو سال انتظار کے بعد جب انھیں این آر او نہیں ملا تو انھیں تحریک کا یاد آیا‘ ان کے پاس الیکشن میں دھاندلی کے ثبوت بھی نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک کی سربراہی کرنے والا شخص کے خلاف اپنی پارٹی میں تحریک شروع ہو گئی ہے۔

دوسری جانب علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فضل الرحمان کو چوری کی کمائی کا حساب دینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان نے چوری نہیں کی تو اداروں کے سامنے پیش کیوں نہیں ہوتے؟۔

علی امین گنڈاپور نے فضل الرحمان کی جائیداد کے ثبوت سامنے لانے کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قانون کی بالادستی کو مانتے ہوئے 40 سال کا ریکارڈ پیش کیا ہے جس پر انھیں سپریم کورٹ نے صادق و امین قرار دیا ہے اور مولانا فضل الرحمان قانون کی بالادستی کو نہیں مانتے ۔

انہوں نے کہا کہ جے یوآئی کی جانب سے بات کرنے والے راہنمائوں کو نکالنا کیسی جمہوریت ہے ‘ حقیقت میں پی ڈی ایم پاکستان ڈکیت موومنٹ ہے ۔


متعلقہ خبریں