16دسمبر ملکی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا ، وزیرخارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کا غم آج بھی تازہ ہے اور 16دسمبر کو پاکستانی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا اے پی ایس ملک کی تاریخ کا اندوہناک اور دلخراش سانحہ ہے۔ اے پی ایس ‏ کے معصوم پھولوں کی لازوال قربانی نے قوم کو یکجا اور متحد کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اے پی ایس ‏ کے معصوم بچوں نے اپنے لہو سے دیپ روشن کیے۔ قوم ان معصوم بچوں سمیت شہدائے اے پی ایس کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ معصوموں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ہم دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کردم لیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو ہم بھولے نہیں۔ آرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی۔ شہدا کی قربانیوں نے قوم کو طاقت دی اور دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کیا۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم شہدا کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ عوام پاک فوج، پولیس اور تمام معصوم شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانی کی یاد تازہ کر دیتا ہے۔  دہشتگردی کیخلاف جنگ کے شہدا کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا۔


متعلقہ خبریں