اسلام آباد: کاؤنٹر ٹیرر ڈیپارٹمنٹ نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے بم دھماکوں میں ملوث3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گردوں نےاسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ گرفتار مبینہ دہشت گردوں سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت راولپنڈی میں جنوری، مارچ، جون اوردسمبر میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث ہیں۔
مبینہ دہشت گردوں کوخفیہ اطلاع پر اڈیالہ روڈ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مبینہ دہشت گردوں نے 4شہریوں کو قتل اور 30 سے زائد کو زخمی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان بہت جلد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے اور ان کے قبضے سے جدید اسلحہ بھی ملا ہے۔
مبینہ دہشت گرد غیر ملکی دہشت گرد تنظیم سے رابطے میں تھے اور ان کے قبضے سے اسٹاک ایکسچینج کا نقشہ اور دیگر اہم مواد بھی بر آمد ہوا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مبینہ دہشتگردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ جون2020 میں راولپنڈی کے علاقے صدر میں ایک دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔
مارچ2020 میں راولپنڈی کے صدر تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع کباڑی بازار میں کریکر دھماکہ ہوا تھا جس سے پانچ افراد زخمی ہوئے۔