لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا ٹیسٹنگ کے لیے ملتان اور رحیم یارخان میں 2 نئی بی ایس ایل لیبارٹریوں کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف حکومت پنجاب پرعزم ہے، روزانہ 25 ہزار تک کورونا ٹیسٹ کیے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد4لاکھ سے بڑھ گئی
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عقل کی اندھی اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور عوام کی جانوں کے ساتھ مزید نہ کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر شدید ہے، عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور احتیاط کریں۔
معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاست ہوتی رہے گی مگر زندگی کے نقصان کا ازالہ نہیں ہوتا، جس شہر میں بھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم۹ کا جلسہ ہوا وہاں کورونا تیزی سے پھیلا۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں2 ہزار 458 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی کل تعداد4 لاکھ482 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کےدوران کورونا سےمزید 67 اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار91 ہے۔
پاکستان میں کورونا کے3لاکھ 43 ہزار286 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور49ہزار105 زیر علاج ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد30 ہزار408، خیبرپختونخوا میں74 ہزار370، سندھ میں ایک لاکھ 74 ہزار 350، پنجاب میں ایک لاکھ 19 ہزار578، بلوچستان میں 17 ہزار187، آزاد کشمیر میں 6 ہزار933 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 658 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے5شہروں میں کورونا تیزی سے پھیلنے کا انکشاف
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 36 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار935، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 369، اسلام آباد میں 318، گلگت بلتستان میں 97، بلوچستان میں 167 اور آزاد کشمیر میں 169 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔