گرم موسم میں ٹھنڈے تربوز کے فوائد


اسلام آباد: گرمیوں کے موسم میں عام دستیاب تربوز بے شمار فوائد سے بھر پور ہوتا ہے۔ شدید گرمی میں سرد تاثیر رکھنے والا یہ پھل وٹامن سی سے بھر پور ہوتا ہے۔

گرمیوں کے موسم میں جسم میں پانی کی کمی کے مسائل کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ معدے کی تیزابیت کو بھی ختم کرتا ہے۔

ان گرمیوں میں آپ تربوز کوکھانے کے علاوہ مختلف انداز سے استعمال کرنا سیکھیں اور اس کے زیل میں دیے گئے فوائد کے مزے لیں۔

متعلقہ خبر: گرمیوں میں چہرے کی رعنائی برقرار رکھنے کے لیے قدرتی سن اسکرین

بالوں کی خوبصورتی بڑھائیں

بالوں کی خشکی اور روکھا پن دور کرنے کے لیے تربوز ایک اچھا کنڈیشنر ثابت ہوتا ہے۔ ایک کپ تربوز میں پودینے کی پتیاں، دو انڈے اور دہی کا ایک ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ بالوں میں لگا کر آدھا گھنٹا رہنے دیں اور دھو لیں۔

چہرے کی خوبصورتی کے لیے قدرتی ماسک

تربوز کا سفید حصہ اور اتنی ہی مقدار میں چینی لے کر اچھی طرح مکس کر لیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ گاڑھا ہونے ہر برتن چولہے سے اتار لیں اور مرکب کو ٹھنڈا ہونے کے بعد چہرے پر لگائیں۔

تربوز میں ایک چمچ چینی اور ایک چمچ لیموں کا رس ملا کر چہرے کا مساج کریں۔ یہ مرکب آپ کے چہرے کی رنگت صاف کرنے اور اس میں نکھار لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

نیند کا نہ آنا

اگر آپ رات کو سو نہیں پاتے تو اس حیرت انگیز پھل میں آپ کے اس مسئلے کا حل بھی موجود ہے۔ تربوز کے بیجوں کو چھیل کر اس میں خشخاش ملا کر پیس لیں۔

بستر پر جانے سے پہلے آدھا چمچ نیم گرم دودھ میں مکس کر کے پی لیں۔ پرسکون نیند آپ کی منتظر ہے۔

وزن میں کمی

اگر آپ بڑھتے وزن سے پریشان ہیں اور مختلف طریقے آزما کر دیکھ چکے ہیں تو ایک بار تربوز سے مدد لے کر دیکھیے۔

آپ کو تردد میں پڑنے کے بجائے صرف اتنا کرنا ہے کہ ایک کپ تربوز میں ایک ٹماٹر اور آدھا چمچ ہلدی ملا کر بلینڈ کر لیں اور ناشتے سے ایک گھنٹہ قبل پی لیں۔

یہ بھی دیکھیں: صحت اور جلد کے لیے لیموں کے ناقابل یقین فوائد

گرمی کا مقابلہ

شدید گرمی کے دنوں میں اگر آپ خود کو لاغر اور سست محسوس کرنے لگتے ہیں تو تربوزایک بار پھر آپ کی مدد کر سکتا ہے۔

ایک کپ تربوز میں پودینے کی چند پتیاں، ایک چمچ چینی، ایک چمچ لیموں کا رس اور ادرک کا چھوٹا سا ٹکڑا ڈال کر بلینڈ کریں اور پی لیں۔ پورا دن سستی اور کاہلی آپ کے قریب نہیں آئے گی۔


متعلقہ خبریں