اسلام آباد: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ کے جزیرے بنڈل آئی لینڈ پر نیا شہر آباد کیا جائے گا، جامع ماسٹر پلان کے تحت یہ شہر آباد کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ منصوبے کے دوران جزائر پر موجود مفید مینگروز کے جنگلات کو محفوظ رکھا جائے گا۔ منصوبےسےڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ منصوبے سے حاصل تمام وصولی سندھ حکومت کو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بنڈل آئی لینڈ اور لاہور کے راوی ریور فرنٹ منصوبے پر اجلاس کی صدارت کی۔ دونوں نئے شہروں میں پینے کا صاف پانی اور نکاسی کا جدید نظام ہوگا،۔ دونوں منصوبوں سے 50 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: جزائر کا معاملہ سندھ حکومت کیساتھ مل کر طے کیا جائے، وزیراعظم
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ سندھ کاحصہ ہے اور رہے گا،منصوبے سے فائدہ بھی سندھ کو ہی ہوگا۔ یہ تاثرغلط ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ پراجیکٹ کےحوالےسے ماہی گیروں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ درخواست کرتا ہوں کہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے کو مثبت انداز میں دیکھا جائے۔ منصوبے پر جو بھی تحفظات ہیں اسے دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔وزیراعظم سندھ کے دیگراضلاع کے لیے بھی پیکیج کا سوچ رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہا کہ سندھ میں جو بھی ترقیاتی کام ہوگا اس کا فائدہ بھی صوبے کے لوگوں کو ہوگا۔ سندھ کی زمین پر قبضے کا تاثر بالکل غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب نیا شہر آباد ہوگا تو روزگار بھی وہاں کے لوگوں کو ملے گا. بنڈل آئی لینڈ 1973 کے ایکٹ کے تحت پورٹ قاسم اتھارٹی کا حصہ ہے. سندھ حکومت کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ کراچی شہر کا 550 ملین گیلن گندا پانی ہر روز سمندر میں جاتا ہے۔ سندھ حکومت کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دبئی نے مصنوعی آئی لینڈ بنائے ہیں۔