وزیراعظم کی پناہ گاہوں میں قیام کرنے والے افراد کو بہترین سہولیات فراہم کی ہدایت


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پناہ گاہوں میں قیام کرنے والے مزدروں اور بے سہارا افراد کی خدمت کو یقینی بنایا جائے اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد اور ملک بھرمیں قائم پناہ گاہوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر،ایم ڈی بیت المال عون عباس اور دیگر سینئرافسران نے شرکت کی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکی اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ثانیہ نشتر نے اجلاس کو بتایا کہ پناہ گاہوں میں قیام پذیرافراد کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پرمرتب کیاجاتا ہے۔ اس کا مقصد اعدادوشمار کو سروس کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جاسکے۔ ڈیٹا کارخیر میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دینے والے مخیر حضرات ودیگر ڈونرز کے ساتھ بھی شیئر کیا جاتا ہے۔

ایم ڈی بیت المال نے پناہ گاہوں کے نیٹ ورک کو وسیع کرنے سے متعلق روڈ میپ وزیراعظم کو پیش کی۔ وزیراعظم نے بیت المال کے قانون میں ترمیم کرنے کی بھی اصولی منظوری دی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا راولپنڈی میں ایک اور پناہ گاہ بنانے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بے سہارا اور کمزور افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ حکومت ہر ممکنہ کوشش کرے گی۔ پناہ گاہوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد میں قائم 5 پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پناہ گاہوں کو معیاری بنانے سے متعلق اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر،معاون خصوصی عثمان ڈار اور ایم ڈی بیت المال نے شرکت کی  تھی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ٹائیگر فورس رضاکاروں کی جانب سے پناہ گاہوں کے دورے پر بریفنگ دی گئی تھی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ ماڈل پناہ گاہوں کا دائرہ کار بتدریج دوسرے صوبوں تک بڑھایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں