عسکری قیادت سے ملاقات خفیہ نہیں تھی، شاہد خاقان عباسی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات خفیہ نہیں تھی جبکہ کابینہ کے 70 فیصد افراد اپنے اخراجات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ نہیں کر سکتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہم نیوز کے پروگرام ’’صبح سے آگے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات خفیہ نہیں تھی اور عسکری قیادت کی دعوت پر ہی پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات میں گلگت بلتستان سے متعلق معاملے پر بات ہوئی تھی تاہم عسکری قیادت سے ملاقات جس مقصد کے لیے کی وہ فوت ہو گئی کیونکہ عسکری قیادت نے کہا کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف وزرا نے عسکری قیادت سے ملاقات پر بیان دیے۔

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے فوراً بعد ہی قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے بلاوے شروع ہو گئے ہیں۔ ٹروتھ کمیشن کی تحقیقات سامنے آئیں تو خبروں کے لیے مواد زیادہ ہو جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سمیت کابینہ کے وزرا ذرائع آمدن بتانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم کا گھر، گاڑیاں اور کتے ہیں لیکن وہ ٹیکس نہیں دیتے۔ کابینہ کے 70 فیصد افراد اپنے اخراجات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ نہیں کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’’حکومت کو مارچ سے قبل رخصت کرنا ہے‘‘،بلاول اور فضل الرحمان کے درمیان مکالمہ

علیحدہ صوبہ بنانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور ہزارہ میں الگ صوبہ بننا چاہیے ہم علیحدہ صوبہ بنانے کے خلاف نہیں ہیں لیکن اس بارے میں مشاورت ہونا ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں