اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے آگست کیلئے گھریلو اور گاڑیوں میں استعمال ہونے والی مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں ایک روپے 56 پیسے فی کلو گرام کا اضافہ کردیا۔
پاکستان میں تیل اور گیس کی ترسیل کے ذمہ دار ادارے اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 18روپے 48پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1363 روپے 55 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اوگرا نے جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں3.96 روپے فی کلوگرام اضافہ کردیا تھا۔ اوگرا نے جولائی کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 46.76 روپے فی سلنڈراضافہ کردیا تھا۔
اوگرا نے جولائی کیلئے 11.8 کلوگرام گھریلوسلنڈرکی نئی قیمت1345.07روپےمقررکردی ہے۔ جون کیلئے 11.8کلوگرام گھریلوسلنڈرکی قیمت1298.31 روپے تھی۔
یاد رہے کہ 26 جون کو وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پٹرول کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کردیا گیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 21 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 31 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا تھا۔ اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 101 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
مزید پڑھیں: سستا پیٹرول کہاں گیا؟
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ یکم جون سے پیٹرول کی نئی قیمت76.52 روپے کا اطلاق ہوا تو ایک روز بعد ہی ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں فلنگ اسٹیشنز پر فروخت بند کردی گئی تھی۔
بعد ازاں اوگرا کی جانب سے ذمہ دار کمپنیوں کو نوٹسز اور جرمانے کیے گئے مگر پٹرول بحران کم نہیں ہوا تھا۔
اوگرا کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔
ترجمان اوگرا کا کہنا ہتھا کہ وزارت توانائی اور اوگرا ریٹل آؤٹ لیٹس تک سپلائی یقینی بنا رہے ہیں۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مصنوعات کی درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ بھی ذخیرہ اندوزی کی شکایات پر فوری کارروائیاں کر رہی ہیں۔