لاہور:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کو سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجازالاحسن کے گھرپہ فائرنگ کے واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھیج دی گئی ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان رینجرز کے شفٹ انچارج نائیک عبدالرزاق نے بتایا کہ 14 اپریل کو رات تقریباً 10 بج کر 45 منٹ پر ایک اندھی گولی ماڈل ٹاؤن بلاک ایچ میں واقع گھر کے گیٹ کے بالائی حصے میں لگی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی(پی ایف ایس اے) کو تجزیہ کرنے کےلیے بلایا گیا جو اپنی رپورٹ پیر کے روز پیش کرے گی۔
پنجاب پولیس نے لکھا ہے کہ گولی کافی فاصلے سے آئی اور مین گیٹ کے بالائی حصے پر لگی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق پی ایف ایس اے نے تمام شواہد اورریکارڈ کو محفوظ کرلیا ہے۔
جائے وقوعہ سے ملنے والی گولی فائر آرمز اینڈ ٹول مارکس میں مشاہدے کےلیے بھجوا دی گئی ہے۔
پولیس نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ جس سمت سے گولی آئی تھی اس پرانوسٹی گیشن کا آغاز کردیا گیا ہے، قریبی علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کیے گیے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی لاہور میں واقع رہائش گاہ پر گزشتہ روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش کے لئے قائم جے آئی ٹی نے حفاظت (سیکیورٹی) پر ماموراہل کاروں کے بیانات قلم بند کیےہیں۔
جے آئی ٹی نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کامعائنہ بھی کیا جس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ رات تک جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔