سعودی عرب میں کورونا کے مزید 1704 کیسز سامنے آ گئے

فائل فوٹو


ریاض: سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 1704 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار136 ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت صحت نے کورونا کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث آج مزید 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 239 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 29 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 21 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 78 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

پرسکون نیند سے کورونا وائرس کو شکست دینا ممکن

اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 60 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 2 سوسے بڑھ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 17 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 2 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 11 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 31 ہزار 2 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

امریکی صدر کا وائٹ ہاؤس کی کورونا ٹاسک فورس ختم کرنے کا اعلان

فرانس میں ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 26 ہزار 2 سو سے بڑھ گئی ہے۔

جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 500 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔


متعلقہ خبریں