اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں سمارٹ لاک ڈاؤن

فائل فوٹو


اسلام آباد: کے سیکٹر آئی ٹین میں ستاون مشتبہ افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر سیل کئے جانے والے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے ٹویٹر پر پیغام میں بتایا کہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب سیکٹر آئی ٹین ون میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت صرف تین گلیاں ہی سیل ہیں باقی پورے سیکٹر میں لوگوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے سیکٹرز آئی-10/ ون اور 4 کو کورونا کیسز سامنے آنے پر سیل کر دیا تھا جبکہ عوام کے تحفظ کے لیے اسلام آباد پولیس اور رینجرز کو بھی مذکورہ علاقوں میں تعینات کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے سبب اسلام آباد کے دو علاقے سیل

سیکٹر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو خاردار تارین لگا کر بند کردیا تھا بلاتصدیق کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں تھی۔

حکام کے مطابق بھارہ کہو، ترلائی اور آئی-10 اسلام آباد میں کووڈ 19 کے سب سے زیادہ متاثر علاقے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے لوگوں کو رمضان میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے سے متعلق خبردار کیا جارہا ہے اور اس بارے میں وارننگ بھی جاری کی ہے۔

ظفر مرزا نے خبردار کیا تھا کہ لوگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اگر ہم احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے تو صورتحال بدتر ہوسکتی ہے، پاکستان انتہائی اہم اور نازک مرحلے سے گزر رہا ہے اور وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے، لہٰذا میں درخواست کرتا ہوں کہ عوام کو افطار، سحر اور مساجد جانے کے معمول کو تبدیل کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں