پنجاب: مرحلہ وار کاروبار کھولنے کے معاملے پر حکومت کی مشاورت مکمل

تاجروں نے حکومتی اعلان کے باوجود الیکٹرانکس مارکیٹ کھول لی

فوٹو: فائل


لاہور: صوبہ پنجاب میں مرحلہ وار کاروبار کھولنے کے معاملے پر صوبائی حکومت نے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

ذرائع  کے مطابق وزارت صنعت پنجاب کی جانب سے تیار کردہ سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کر دی گئی ہیں۔

ذرائع صوبائی وزارت صنعت نے بتایا ہے کہ مارکیٹوں کو مخصوص ایام میں حفاظتی اقدامات کے بعد کھولا جائے گا۔

این ڈی ایم اے کا کورونا کٹس مقامی مارکیٹ سے خریدنے کا فیصلہ

انہوں نے مزید بتایا کہ کھلنے والی مارکیٹوں کے عہدیدار حفاظتی اقدامات کے ذمہ دار ہوں گے تاہم اس ضمن میں باقاعدہ اعلان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے عوام اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے مساجد میں زیادہ سے زیادہ پانچ افراد کو نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 432 ہو گئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 18 ہزار 770 تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 656 کیسز اور 15 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ملک میں کوروناوائرس کے 4 ہزار 753 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے اب تک  6 ہزار 854 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 7 ہزار 102، خیبرپختونخوا 2,907، بلوچستان 1,136، اسلام آباد 365، آزاد کشمیر 66 اورگلگت بلتستان میں 340 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں