برسلز: بیلجیئم نے اگلے ماہ سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بیلجیئم میں مئی سے کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔ تمام کاروبار 11 مئی اور اسکولز 18 مئی سے دوبارہ کھلیں گے۔
بیلجیئم بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے جہاں اب تک کورونا سے 6 ہزار 679 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 44 ہزار 200 سے زائد ہو چکی ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں مریضوں کی تعداد اٹھائیس لاکھ تیس ہزار سے بڑھ گئی ہے اور ایک لاکھ ستانوے ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جب کہ سات لاکھ اٹھانوے ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
یورپ پر کورونا کے وار بدستور جاری ہیں اور اسپین میں مزید تین سو سڑسٹھ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اسپین میں مرنے والوں کی تعداد ساڑھے بائیس ہزار سے بڑھ گئی۔
فرانس میں مزید تین سو نواسی افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد بائیس ہزار دو سو سے زائد ہے۔ اٹلی میں بھی مزید چار سو بیس افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد پچیس ہزار نو سو انہتر ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس سے امریکہ میں آج انیس سو اکاون اموات ہوئی ہیں۔ مجموعی طورپر باون ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں اور مریضوں کی تعداد نو لاکھ پچیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
برطانیہ میں آج کورونا سات سو اڑسٹھ جانیں نگل گیا اور مجموعی ہلاکتیں انیس ہزار سے زائد ہو گئی ہیں جبکہ ایک لاکھ تینتالیس ہزار سے ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں لندن کی10فیصد آبادی کورونا وائرس سےمتاثر ہونےکا خدشہ
ترکی میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے ایک سو نو اموات ہوئی ہیں اور مجموعی اموات چھبیس سو تک پہنچ چکی ہیں جب کہ ایک لاکھ چار ہزار سے زائد مریض ہیں۔