سڈنی: آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے دوران پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
روایتی حریفوں کے درمیان ہفتے کو دولت مشترکہ کھیلوں کے ہاکی ایونٹ کا اہم مقابلہ ہوا۔
میچ شروع ہوا تو ابتداء میں بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری دکھائی دیا۔ انڈین ہاکی کھلاڑی دل پریت نے پہلا گول کیا۔
ایک، صفر سے دوسرا کوارٹر شروع تو دونوں ٹیموں نے بھرپور مقابلے کا مظاہرہ جاری رکھا۔ اس دوران بھارتی کھلاڑیوں نے دوسرا گول داغ کر برتری دو صفر کر لی۔
میچ کے تیسرے کوارٹر میں عرفان جونئیر نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کر بھارت کی برتری کو کم کیا۔
میچ کے آخری کوارٹر میں پاکستان کو پنالٹی کارنر ملا جسے گول میں بدلنے کی کوشش کامیاب رہی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی جانب سے مبشر علی نے گول کر کے میچ برابر کیا۔
پاکستانی ٹیم نے دوسرا گول مقابلہ ختم ہونے سے صرف پانچ سیکنڈ قبل کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنا پہلا میچ بھی برابر کھیلا تھا۔ گولڈ میڈل کے حصول کی دوڑ میں یہ قومی ہاکی ٹیم کا دوسرا مقابلہ تھا۔
گزشتہ دو برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ انڈین ہاکی ٹیم بہترین فارم میں ہونے کے باوجود پاکستان ہاکی ٹیم سے جیت نہیں سکی۔