سڈنی/اسلام آباد: آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے دوسرے روز پاکستانی کھلاڑی پہلا میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
ویٹ لفٹنگ کی 62 کلوگرام کیٹیگری میں طلحہ طالب نے کانسی کا تمغہ جیت کر میڈل ٹیبلز پر پاکستان کا اکاؤنٹ کھولا۔
پاکستان کا 56 رکنی دستہ کامن ویلتھ گیمز یا دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے۔
کانسی کا تمغہ جیتنے کے لئے طلحہ طالب نے کل 283 کلوگرام وزن اٹھایا۔ انہوں نے دولت مشترکہ کھیلوں کے دوران 132 کلو وزن اٹھانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
جمعرات کو ہونے والے ابتدائی مقابلوں کے دوران پاکستانی اسکواش اور باکسنگ کھلاڑیوں نے بھی اپنے ابتدائی میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ باکسر گل زیب نے 69 کلوگرام کیٹیگری میں پہلی فائٹ جیت لی، انہوں نے ولیم لی پولئین کو شکست دی۔ گل زیب اپنے دوسرے میچ میں ہفتے کو شمالی آئرلینڈ کے ایڈن والش سے مقابلے کریں گے۔
اسکواش میں پاکستان کے نمبر ایک کھلاڑی فرحان زمان نے برٹش ورجن آئی لینڈ کے جو چیپمین سے اپنا میچ جیتا۔ وہ آئندہ مقابلے میں انگلینڈ کے جیمز ولسٹارپ کا سامنا کریں گے۔
پاکستانی اسکواش کھلاڑی طیب اسلم نے بھی برٹش ورجن آئی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے مقابل نیولے سورینٹینو کو شکست دی۔ وہ اگلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے نمبر ایک کھلاری ایلن کلین کا مقابلہ کریں گے۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے ویلز کے خلاف کھیلا گیا پہلا میچ ایک، ایک سے برابر کیا۔ قومی ٹیم ہفتہ سات اپریل کو انڈین ہاکی ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔
چار اپریل2018 سے شروع ہونے والے ان مقابلوں میں 71 ملکوں کے چار ہزار کھلاڑی شریک ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی ہاکی، ٹیبل ٹینس، تیراکی، اسکواش، ویٹ لفٹنگ اور نشانہ بازی سمیت آٹھ کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
2014 میں گلاسگو میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان نے 3 سلور اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ مجموعی طور پر پاکستانی دستہ 23ویں پوزیشن حاصل کر سکا تھا۔