پاکستان رواں برس دو سیٹلائٹس خلاء میں بھیجے گا

پاکستان رواں برس دو سیٹیلائٹس خلاء میں بھیجے گا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان کے دو ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس رواں برس جون میں خلاء میں روانہ کئے جائیں گے۔

دونوں سیٹیلائٹس کو مارچ ٹوسی نامی راکٹ کے ذریعے خلاء میں بھیجا جائے گا۔ یہ راکٹ خلاء کے اس حصے میں سیٹلائٹس بھیجنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں جو زمین سے نسبتا قریب ہوتا ہے۔

پاکستان اپنے نئے سیٹلائٹس چین سے خلاء میں روانہ کرے گا۔ یہ مارچ ٹو نامی راکٹ کے ذریعے 18 سال بعد پہلی تجارتی اور بین الاقوامی لانچ ہو گی۔ اس سے قبل مذکورہ راکٹ کے ذریعے 1999 میں موٹرولا کے اریڈیم نامی سیٹلائٹ کو خلاء میں بھیجا گیا تھا۔

چین کے ادارے چائنہ اکیڈمی آف لانچ وہیکل ٹیکنالوجی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس رواں برس جون میں خلاء میں بھیجے جائیں گے۔

پاکستان اور چین نے 2016 میں ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے تحت ریموٹ سینسنگ سیٹیلائٹ کو خلاء میں بھیجا جانا تھا۔ ان سیٹیلائٹس کا مقصد 50 ارب ڈالر مالیت کے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی نگرانی ہے۔

پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس نامی منصوبہ پہلے سے خلاء میں موجود بدر ٹو سیٹلائٹ کا متبادل قرار دیا جاتا ہے۔ پاکستان نے 1990 سے 2000 کے دوران بدرسیٹلائٹ پروگرام شروع کیا تھا جس کا مقصد خلائی تحقیق کے عمل کو بہتر بنانا تھا۔

خلائی تحقیق کے پاکستانی ادارے سپارکو کے تیارکردہ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس مختلف ملکی جامعات کے تعاون سے تیار کئے گئے ہیں۔ ان کا مقصد قدرتی وسائل کی تلاش اور ماحولیاتی مقاصد کی تکمیل ہے۔


متعلقہ خبریں