راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ باجوہ ڈاکٹرائن اگر ہے بھی تو اس کا اینکرز کے ساتھ آرمی چیف کی ملاقات سے کوئی تعلق نہیں۔ باجوہ ڈاکٹرائن کا مقصد پاکستان کا امن ہے، اٹھارہویں ترمیم نہیں، اس کا کوئی اور مطلب نہ لیا جائے۔
بدھ کو نیوزکانفرنس سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے ملاقات اچنبھے کی بات نہیں۔ وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے متعلق خبر کی وضاحت اس لئے کی کہ اس سے غلط تاثر دیا جا رہا تھا۔
بین الاقوامی معاملات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خلیجی ودیگر ممالک کی طرح سعودی عرب کے ساتھ 1982 سے دوطرفہ سیکیورٹی کا معاہدہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان فوج کے دستے سعودی عرب جائیں گے تاہم ان کا سعودی سربراہی میں فعال عسکری اتحاد سے کوئی تعلق نہیں۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ایسے ہی سیکیورٹی معاہدوں کے تحت ایرانی پائلٹس کو بھی تربیت دی جاتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے ڈی جی نے کراچی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پانچ برس قبل اور موجودہ کراچی میں خاصا فرق ہے۔ آج وہاں کوئی شٹرڈاؤن ہڑتال نہیں کر سکتا۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ پاکستان واپس لانے پر ان کا شکریہ۔ کرکٹ سرگرمیوں میں پاکستانی فوج کے تعاون کی تصدیق کرتے ہوئے آصف غفور کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے کہنے پر ان سے تعاون کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیاں ماضی کی طرح جاری ہیں۔ 2017 میں دکھائی جانے والی جارحیت کا سلسلہ 2018 میں بھی جاری ہے۔
پاکستانی خفیہ ایجنسیوں باالخصوص آئی ایس آئی کو سراہتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اداروں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کارکردگی کی وجہ سے دشمن اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔
سیاسی معاملات میں پاک فوج کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج کا کسی این آر او سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
23مارچ کی پریڈ میں بھارتی سفارتی عملے کو بلانا معمول کی بات قرار دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جذبہ دکھانے کے لیے بھارتی ہائی کمشنرکوپریڈ میں مدعو کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ لاہور اورکراچی کا اسٹیڈیم بحال ہوگیا، چیئرمین پی سی بی سے کہا ہے کہ اگلا پی ایس ایل دیگرشہروں میں بھی کرائیں۔
ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں جلدانٹرنیشنل فلم فیسٹول شروع ہورہا ہے۔