صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا میرا مشن ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

 صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا میرا مشن ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا میرا مشن ہے۔

وزارت صحت کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم کے اصلاحاتی ایجنڈے کے مطابق حقیقی معنوں میں تبدیلی لانی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت کے افسران کو اپنے کام کے طریقہ کار اور رفتار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، ظفر مرزا

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کسی بھی افسر کو غیر ضروری طور پر لوگوں کے مسائل نمٹانے میں تاخیر کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سائلین کے مسائل کو نمٹانے کیلئے بر وقت فائلوں کو نمٹانا ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے نزدیک صحت اولین ترجیح ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جا رہی ہیں۔  وزارت صحت میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومتی اہداف حاصلِ کرنے کیلئے کام کی رفتار کو بڑھانا ہو گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے کہا کہ عوام کی حالت زار میں بہتری صحت کی سہولیات لوگوں تک پہنچانا اور بیماریوں کی روک تھام ہمارا مقصد ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں ہے،مل کر مقابلہ کرنا ہے: ظفر مرزا

ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کا کام سیاسی قیادت کے ویژن کے مطابق قانون کی عملداری کو یقینی بناتے ہوے اہداف کا حصول ہے۔

ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے کہا کہ ہمیں بلا خوف وخطر پوری ایمانداری سے فرائض سر انجام دینے ہیں، ہم نے منتخب حکومت کی اور عوام کے نمائندوں کے ویژن پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ترقی کے لیے افسران کو لگن اور جذبے سے کام کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں