نارووال: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں پکنک منانے آئی ہے۔
بارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سات ماہ سے عمران خان حکومت کشمیر کے حوالے سے بھارت پر دباؤ نہیں ڈال سکی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے اور ہم خاموش ہیں، ہم بے بس ہیں کہ او آئی سی کا اجلاس بھی نہیں بلا سکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو آئین کی عمل داری پر چلانے کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔
مزید پڑھیں: نیب کو احسن اقبال کیخلاف بدعنوانی کے اہم شواہد مل گئے
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے پریشان ہے جبکہ ہمارا کورونا وائرس عمران خان کے منصوبے ہیں جن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ن لیگ کی حکومت میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ رکھا تھا جو کم کر دیا گیا جبکہ نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم کو بھی ختم کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹڈی دل کو بھی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکومت ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیماری سے متعلقہ تمام رپورٹس حکومت کے پاس موجود ہیں اور حکومتی اجازت کے بعد ہی وہ بیرون ملک گئے تھے۔
یہ بھی جانیں: احسن اقبال کو نیب نے گرفتار کر لیا
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور کابینہ آج کہتے ہیں غلط رپورٹس کے باعث گئے ہیں، عمران خان سمیت سب استعفی دیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے نوازشریف کو واپس لانے کیلئے بیانات دی رہی ہے، وہ مکمل صحت یابی کے بعد ہی واپس پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ڈیڑھ سالوں میں ملک کو تباہ کر دیا ہے، کاروبار زراعت فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، ملک چلانے کیلئے تجربہ کی ضرورت ہوتی ہے۔