ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دیدی


ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دسویں میچ میں آل راؤنڈر معین علی اور کپتان شان مسعود کی شاندار بلے بازی کی بدولت ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان میں خود کو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ خیال کرتا ہوں’

ملتان سلطانز کی سلامی جوڑی معین علی اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لئے 31 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

ملتان معین علی کے 65 اور شان مسعود کے 61 رنز کی بدولت مہمان ٹیم کو 187 رنز کا ہدف دیا۔

یہ بھی جانیں: لاہور قلندرز کو بڑا دھچکہ، حارث رؤف انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر

ان کے علاوہ ذیشان اشرف نے بھی 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کراچی کی جانب سے محمد عامر اور کرس جارڈن نے دو، دو جبکہ عمید آصف اور افتخار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کراچی کا کوئی بھی بلے باز جم کر بلے بازی کرنے میں ناکام رہا اور وقتاً فوقتاً وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے ترانے کا تنازع عدالت پہنچ گیا

ایلکس ہیلز 29، عمید آصف 18، شرجیل خان 16 اور بابر اعظم 13 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ملتان کی جانب سے عمران طاہر نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بلے بازوں کو پویلین لوٹایا۔

شاندار کارکردگی پر معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پی ایس ایل کا 11واں میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں