سوات: سابق وزیرِ داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ناکام حکمران پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، وقت آگیا ہے کہ سلیکشن کی بجائے الیکشن کے ذریعے حکومت لائی جائے۔
سوات میں ورکرز کنوینشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیا کے سے بڑے بھکاری وزیراعظم بن چکے ہیں، انہوں نے مہاتیر محمد سے وعدہ کرکے پھر یوٹرن لے لیا، وزیراعظم نے پاکستان کو اتنا کمزور کیا کہ مودی نے کشمیر پر قبضہ کرلیا۔
پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پیسہ دے کر پاکستان کی ترقی کاراستہ روکا گیا ہے، آج یہ فارن فنڈنگ کا حساب کیوں نہیں دیتے؟
#PMLN workers convention in #Swat pic.twitter.com/7Ad3kOZTWn
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) December 22, 2019
انہوں نے کہا کہ ملک میں انتہا پسندی ختم کرنے کا سہرا نوازشریف،پاک فوج اور عوام کو جاتا ہے، اے پی ایس حادثے کے بعد قائد مسلم لیگ ن نے دھرنے والے کو بھی ایک میز پر لائے اور نیشنل ایکشن پلان کی بدولت انتہا پسندی کو شکست دی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے پاک فوج کو 500 ارب دے کر بیس سالوں سے جاری جنگ ختم کی اور دہشت گردی کو شکست کے بعد معیشت کی ترقی پر کام شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے ذریعے ملک میں ساڑھے اٹھائیس ارب کے منصوبے لائے اور شمالی علاقہ جات کو شامل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خان عباسی کو سزائے موت کی کوٹھڑی میں رکھا گیا تاہم ن لیگ کے قائدین نیب انتقام کے باوجود ملک کی خاطر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی ماں ہے اور اسی نے ملک کو مضبوط کیا ہے، غربت اور بیروزگاری ختم کرنا ہے تو قائداعظم کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔