گلگت: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتےہوئے یہودیوں کو سازش کرنےکی ضرورت نہیں، انہیں دیکھ کر لوگ اسلام سے مزید دور ہوجاتےہیں جبکہ وہ اسلام کے ٹھیکیدار بنےہوئے ہیں۔
گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سارے سیاسی بے روز گار اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ کوئی اسلام آباد انے والوں سے پوچھیں وہ کیوں آئےہیں؟ یہ جمہوری لوگ نہیں، اسلام کے نام پر پیسہ کمانے والے ہیں۔ جتنے دن بیٹھنا ہے بیٹھیں،جب کھانا ختم ہوگا تو کھانا بھجوا دوں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے دشمن فضل الرحمان سے خوش ہو رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے فضل الرحمان بھارتی شہری ہے۔ بھارتی میڈیا انہیں دکھا دکھا کر خوش ہے۔
عمران خان نے پوچھا مارچ والے کس سے آزادی لینے اسلام آباد آئے ہیں۔ اسلام کے نام پر فضل الرحمان کے مطالبات کیا ہیں؟ اسلام کا نام لینے والے اپنے ضمیر کی قیمت لگا رہے ہیں۔ اسلام کو اقتدار حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کا پرمٹ دو مولانا خوش ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو پتا ہی نہیں کہ وہ مارچ میں کیوں ہے؟ اپنے آپ کو لبرل کہنے والا بلاول بھی مولانا کے مارچ میں شریک ہوا۔ ن لیگ والوں کو پتا ہی نہیں کہ وہ مارچ میں کیوں ہیں؟
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کے بیٹے اربوں پتی ہیں اور دونوں باہر رہتے ہیں۔ جب ان سے حساب مانگیں تو کہتے ہیں وہ پاکستانی شہری نہیں۔ اپوزیشن سے حساب مانگیں تو کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کو پہلا دورہ گلگت بلتستان پر خوش آمدید کہتے ہیں، وزیر قانون جی بی
وزیراعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ مہنگائی پیپلز پارٹی کے دور میں تھی، یہ شور کیوں مچا رہے ہیں؟ سب اکھٹے ہوکر مجھ پر این آر او دینے کے لیے دباوَ ڈال رہے ہیں۔ کرپشن کے خلاف 22 سال جدوجہد کی ہے۔ پریشر میں آنے والا نہیں اور نہ ہی کسی کو این آر او ملےگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والے چوروں کو معاف نہیں کروں گا۔ سب اکٹھے ہو کر سمجھتے ہیں میں بلیک میل ہو جاوں گا۔ 22 سال کرپشن ختم کرنے کیلئے جدوجہد کی ہے۔ میں نے اللہ سے وعدہ کیا تھا ملک لوٹنے والوں کو ایک دن جیل میں ڈالوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ بچوں کی تعلیم پر لگنے والا پیسہ کرپشن کی نظر ہوجاتاہے۔ مخالفین نے ملکر پیسہ چوری کیا اور باہر بھیج دیا۔ جب پیسہ باہر جاتا ہے تو ڈالر کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو نوکریاں ڈھونڈنے کیلئے باہر نہیں جاناپڑےگا۔
عمران خان نے گلگت بلتستان میں ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کے لیے فنڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔